
ٹرمپ ماسٹرمائینڈ جبکہ پینٹاگون اور خطے میں امریکی افواج کے 47اعلیٰ حکام ملوث، وحشیانہ قتل میں ہر فرد نے اپناکردار ادا کیا تھا،انٹرپول میں درخواست
امریکی صدر کو بالآخرقاسم سلیمانی کے قتل کا حکم دینے کی قیمت ادا کرنا پڑے گی ، چاہے وہ امریکی انتظامیہ کا سربراہ ہو یا نہیں، سربراہ عدلیہ ابراہیم رئیسی
تہران(نیوز ڈیسک) ایران نے شہیدجنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث صدر ٹرمپ سمیت 48 اعلیٰ امریکی حکام کے نام ظاہر کردئے ہیں اور ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے انٹرپول سے رجوع کرلیا ہے ، وزارت انصاف کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے نیو کانفرنس میں انکشاف کیا کہ قاسم سلیمانی اور مہدی المہندس کی بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے میں شہادت پر صدر ٹرمپ اور 47 اعلیٰ امریکی حکام کی گرفتاری کیلئے ایک بار پھر انٹرپول میں درخواست جمع کرائی ہے،انہوں نے کہا کہ ایران نے قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 48امریکیوں کو شناخت کرلیا ہے جن کا تعلق پینٹاگون اور خطے میں امریکی افواج سے ہے، تہران نے اپنی درخواست میں واضح کردیا ہے کہ وحشیانہ قتل میں ہر فرد نے کیا کردار ادا کیا تھا، ایران قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے سنجیدگی سے کیس کی پیروی کرے گا، عدلیہ کے سربراہ ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو بالآخر جنرل سلیمانی کے قتل کا حکم دینے کی قیمت ادا کرنا پڑے گی ، چاہے وہ امریکی انتظامیہ کا سربراہ ہو یا نہیں، ایران نے گزشتہ برس جنوری میں بھی انٹرپول سے ان افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی جس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، تہران کے پراسیکیوٹر نے بھی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر صدر ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کررکھے ہیں


































