
اسلام دشمن تفرقے کو ہوا دے کر اتحاد میں دراڑیں ڈال رہے ہیں ، امت کو بیداری کا ثبوت دینا ہوگا، قوم کو شیعہ سنی کی تفریق سے نکل کر اسلام کیلئے سوچنا ہوگا
ملک میں فرقہ واریت پھیلانے والے تمام عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،وحدت کانفرنس میں علما کا عزم، حکومت سے فرانس کا سفارتی بائیکا ٹ کا مطالبہ
لاہور (نیوز ڈیسک) شیعہ اورسنی علمائے کرام نے ملک میں فرقہ واریت پھیلانے والے تمام عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کا اظہار کیااور واضح کیا کہ تکفیری، ناصبی اور غالی نہ تو شیعہ ہیں اورنہ ہی سنی ہیں ،یہ اسلام کے دشمن اور استعمار کے ایجنٹ ہیں ،جو اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں ،علما نے ان خیالات کا اظہار تحریکِ بیداریِ امتِ مصطفی کے زیراہتمام لاہور میں جامعہ عروة الوثقی میں وحدتِ امت و میراثِ نبوت کانفرنس سے خطاب میں کیا ، جس میں ملک کے تمام مکاتب فکر کے علما نے شرکت کی، کانفرنس کی صدارت تحریکِ بیداریِ امتِ مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کی،علمائے کرام نے اپنے خطابات میں امت کو یکجہتی کا پیغام دیا اور تمام علما نے اکٹھے نماز مغرب ادا کی، علمائے کرام کا کہنا تھا کہ اسلام دشمن تفرقے کو ہوا دے کر اتحاد امت میں دراڑیں ڈال رہے ہیں، اس حوالے سے امت کو بیداری کا ثبوت دینا ہوگا، قوم کو شیعہ سنی کی تفریق سے نکل کر اسلام کیلئے سوچنا ہوگا، پاکستان مزید شیعہ سنی لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ، علما کی ذمہ داری ہے کہ اپنی صفوں سے شرپسندوں کو نکال باہر کریں، تکفیریوں سے اظہار برات کا یہی موقع ہے، ہمیں کسی شرپسند کے دباو میں نہیں آنا چاہیے ، علمائے کرام نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت دراصل امت مسلمہ کا ٹیسٹ کیس ہے، دشمن دیکھنا چاہتا ہے کہ امت میں روح محمدی(ص) باقی ہے یا ختم ہو گئی ہے ، تمام دشمنان محمد(ص) جان لیں کہ ہم حرمت رسول(ص) کیلئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں، شرکا کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان فرانس کیساتھ سفارتی بائیکاٹ کرے اور پاکستانی عوام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔


































