
بغداد : عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے کہا ہے کہ بغداد میں تہران اور ریاض کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد ہی شروع ہو جائے گا۔ شیاع السودانی نے اخبار الشرق الاوسط سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کی درخواست پر عراق کی موجودہ حکومت، ان دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی خواہاں ہے۔ عراق دونوں ملکوں کے درمیان اس رابطے کو ضروری سمجھتا ہے تاکہ علاقے میں ایران اور سعودی عرب کے نظریات ایک دوسرے سے قریب ہو سکیں اور علاقائی استحکام میں مدد مل سکے۔ عراقی وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ تہران اور ریاض کے درمیان سیکیورٹی سطح کا اجلاس سفارتی سطح پر بھی تشکیل پائے گا تاکہ دو طرفہ سفارتی روابط دوبارہ شروع ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تہران ریاض تعلقات کی بحالی میں ذاتی طور پر بھی دلچسپی لیں گے۔


































