
بغداد : عراقی صدر برہم صالح نے عراقی سرحد پر الحشد الشعبی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عراق کے قومی اقتدار اعلی کے منافی قرار دیا۔ برہم صالح نے کہا ہے کہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش قابل مذمت اور عراق کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے منافی ہیں جن سے قیام امن و استحکام کا مقصد شکست سے دوچار ہو سکتا ہے عراق کسی بھی طرح کے میدان جنگ میں تبدیل ہونے کا خواہاں نہیں ہے اور اسے میدان جنگ بنایا جانا بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کے منافی ہو گا۔ عراقی صدر نے کہا کہ ان کا ملک، اپنے یہاں امن کے قیام کے مقصد سے تمام فریقوں کے ساتھ مذاکرات و گفتگو اور سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے کے لئے تیار ہے اور وہ علاقے میں کشیدگی و بدامنی ختم کئے جانے کی حمایت کرتا ہے اور ساتھ ہی کسی بھی فریق کی جانب سے کسی بھی طرح کے دشمنانہ اقدام کے بھی خلاف ہے۔


































