سلامی انقلاب 42سال کا ہوگیاتما م تر سازشوں ،پابندیوں اور گھناونے اقدامات کے باوجود ایران کے اسلامی انقلا ب نے 42 سال مکمل کرلئے ، اس انقلاب کی کامیابی کیلئے ایرانی عوام نے جو قربانیاں دیں اس سے زیادہ قربانیاں انہیں اس انقلاب کے تحفظ کیلئے دینا پڑ رہی ہیں ، ایران 42سال سے جن شکنجوں میں جکڑا ہوا ہے اگر یہ صورتحال کسی اور ملک کو درپیش ہوتی تو وہ کب کا سرنگوں ہوچکا ہوتا مگر یہ ایرانی عوام کا عزم و حوصلہ ہے کہ وہ 42 سال سے تنہا ہی استبدادی قوتوں کے سامنے نہ صرف ڈٹے ہوئے ہیں بلکہ انہوں نے مستقبل کی سیاست، ثقافت، سماج اور دنیا کے حالات کو یکسر تبدیل کرکے رکھ دیا ہے ،انہوں نے بہت سی نئی راہوں کو کھول دیا ،دنیا کو حریت کا ایسا پیغام دیا جس کی گونج عراق، شام ،فلسطین ،لبنان تک میں سنائی دے رہی ہے، انقلاب اسلامی کی نظریاتی اسا س کا ایک اہم عنصر استکباری نظام کے خلاف جدوجہد پر مشتمل ہے،بانی انقلاب اسلامی امام خمینی ؒ نے غیر منصفانہ اور روحانیت سے عاری بین الاقوامی نظام کے خلاف صدائے احتجاج بلندکرنے کو انقلاب کی کڑی قرار دیا،انہوں نے انقلاب اسلامی کے آغاز پر ہی عالمی استعماری طاقتوں کے خلاف واضح اور دو ٹوک موقف اپنایا، وہ چاہتے تھے کہ اس اصول کا اطلاق صرف ایران پر ہی نہیں بلکہ پوری اسلامی دنیا پرہونا چاہئے، وہ کہتے تھے کہ مسلمانوں کے سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی امور پر استعماری طاقتوں کا تسلط تو دور کی بات ہے اثرورسوخ بھی قبول نہیں کیا جا سکتا،یہ امام کا پیغام تھا جو استعماری قوتوں کو کسی صورت قبول نہیں تھااسی لئے عظیم انقلاب کو پہلے تو ناکام بنانے کی بھرپور سازشیں ہوئیں، اس کے خلاف پراپیگنڈ ے ،قیادت کے خلاف بے سر و پا الزامات کی بھرمار اور انہیں راستے سے ہٹانے کیلئے وار تک کئے گئے ، لیکن ایرانی عوام نے بڑی پامردی سے یہ تمام وار سہہ لئے ،ایرانی قوم آج سر اٹھا کر دنیا کی سب منفور طاقت کے سامنے سر اٹھا کر کھڑی ہوئی اور مساوات اور برابری کی بات کرتی ہے، ملت ایران اس الہیٰ انقلاب کی 42 ویں سالگرہ منا رہی ہے تو دنیا بھر کے حریت پسند بھی اس پر نازاں ہیں کیونکہ اس انقلاب کی بدولت دنیا بھر میں پسے ہوئے طبقات، اقتصادی، معاشی، سماجی اور سیاسی زنجیروں میں جکڑے ہوئے انسانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا ہوچکی ہے اور وہ استعمار قوتوں کے خلاف میدان عمل میں آچکے ہیں ،انقلاب کی کامیابی کے 42سال ان تمام پسے ہوئے طبقات کیلئے امید کی کرن ہے جنہیں استبدادی قوتیں سر تک اٹھانے کا موقع نہیں دیتی ہیں۔


































