
تہران: ایران کے اخبار خراسان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف ایک اور جنگ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ حالیہ پیغامات کے تبادلے سے اس سے پہلے کوئی ٹھوس نتیجہ نکلنے کا امکان کم ہے۔ اخبار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے واقعات اور تجزیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن اور تل ابیب نئی جنگ کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ خراسان اخبار کو ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے قریب سمجھا جاتا ہے۔ اخبار نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ کئی دہائیوں کے تجربے کی بنیاد پر تہران سمجھتا ہے کہ پیغامات کا تبادلہ نئی فوجی محاذ آرائی سے پہلے کوئی نمایاں فرق پیدا نہیں کر سکے گا۔ خراسان اخبار نے ایران کے اندر مغرب کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر سیاسی تقسیم پر بھی تنقید کی۔ اخبار کے مطابق اصلاح پسندوں نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات اور روابط کو اپنی سیاست کا محور بنایا، جبکہ ان کے مخالف سیاسی دھڑے نے مذاکرات کی مخالفت کو اپنی شناخت بنا لیا ہے.


































