
جنرل قاسم سلیمانی امریکا اور اس کے سامراجی منصوبوں کے سامنے دیوار نہ بنتے تو صدر ٹرمپ بلا واسطہ اور علی اعلان ان کے قتل کا ارتکاب نہ کرتے، شیخ نعیم قاسم
اسرائیل سے دوستی کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، امریکا اور اسرائیل کی سیاسی بلیک میلنگ سے فائدہ اٹھانے والی حکومتوں کا کوئی مستقبل نہیں
بیروت (نیوز ڈیسک) حزب اللہ کے رہنما کا کہنا ہے کہ استقامتی محاذ کی کامیابی اور فتح مندی کا سہرا شہید قاسم سلیمانی کے سرجاتا ہے، حزب اللہ کے ڈپی جنرل سیکریٹری شیخ نعیم قاسم نے شہید کی پہلی برسی کی مناسبت سے اپنے انٹریو میں کہا ہے کہ اگر جنرل قاسم سلیمانی امریکا اور اس کے سامراجی منصوبوں کے سامنے دیوار نہ بنتے تو صدر ٹرمپ بلا واسطہ اور علی اعلان ان کے قتل کا ارتکاب نہ کرتے ، اگر ان کی کامیابی اور استقامتی محاذ کی فتح مندی ان کے ہاتھ میں نہ ہوتی تو وہ ہرگز لوگوں کے دلوں میں اتنی والہانہ محبت اور اتنا اعلی و ارفع مقام کے حقدار نہ بن پاتے،نعیم قاسم نے کہاکہ امریکی انتخابات کے نتائج ہمارے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے اور ہم ٹرمپ جیسے بدمعاش کی شکست کو ظالموں کے لئے باعث عبرت سمجھتے ہیں، البتہ بائیڈن کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، یہ چیز ان کی پالیسیوں سے مربوط ہے لیکن بائڈن کو جان لینا چاہیے کہ ہم اپنی سرزمین اور اپنی خودمختاری کاسودا ہرگز نہیں کریں گے،ادھر حزب اللہ نے ایک بیان میں اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے والے ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ، حزب اللہ نے کہا کہ امریکا بعض ممالک کو بلیک میل کرکے انہیں اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی مہم پرعمل پیرا ہے، کسی کو پابندیاں اٹھانے کا جھانسہ دیا جاتا ہے اور کسی کے متنازع علاقائی مسائل میں اس کی حمایت کی جاتی ہے ، اسرائیل سے دوستی کرنے والے ممالک کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، امریکی اور اسرائیلی حکومتوں کی سیاسی بلیک میلنگ سے فائدہ اٹھانے والی حکومتوں کا کوئی مستقبل نہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک حقیقت سے فرار اور سراب کے پیچھے بھاگ رہے ہیں


































