تحریر: آیت اللہ مہدوی کنی
لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کی ایک اور علامت کشادہ روئی ہے۔
جو شخص اخلاق حسنہ کا مالک ہو وہ غمگین اور پریشان ہونے کے باوجود دوسروں کے سامنے پریشانی کا اظہار نہیں کرتاچنانچہ امیر المومنین حضرت علی ؑ کا ارشاد گہر بار ہے:
”مومن کی خوشی اس کے چہرے پر نمایاں اور ا س کا غم و اندوہ اس کے دل (کی گہرائیوں) میں پنہاں ہوتا ہے۔“
رسول اللہ ؐ کا ارشاد ہے:
”تم لوگ اپنے اموال سے سب لوگوں کا مشکلات کو حل نہیں کر سکتے پس ان کے ساتھ کشادہ روئی اور خندہ پیشانی سے پیش آؤ۔“
کشادہ روئی محبت اور قرب خداوندی کی باعث ہے۔
چنانچہ حضرت امام محمد باقر ؑ نے فرمایا:
”کشادہ روئی اور خندہ پیشانی (لوگوں کے ہاں) محبوبیت اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اور (اس کے برعکس) ترش روئی نفرت اور خدا سے دوری کا باعث ہے۔“
مذاق اور خوش طبعی
خوش طبعی اور مزاح حسن سلوک کا ایک انداز ہے لیکن یاد رہے کہ زبان کی آفات میں سے ایک جو زبان کی دیگر آفات کی طرح خطرناک اور برے نتائج کی حامل ہے مذاق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دینی تعلیمات میں مذاق اور خوش طبعی کے حدود معین کئے گئے ہیں جن سے تجاوز کی صورت میں نقصان دہ نتائج سامنے آتے ہیں۔ بنابریں انسان کو چاہیے کہ اپنی زبان پر قابو رکھے اور مزاح و خوش طبعی کے دوران اس کے مثبت و منفی نتائج کو مد نظر رکھے اور حتی الوسع بذلہ گوئی سے احتراز کرے کیونکہ ہر بات کا ایک موقع و محل اور ہر کام کا ایک مقام ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ جو شخص ہنسی مذاق کا عادی ہوجائے وہ حقیقت پسندی کی حس کو کھو دیتا ہے اور حقیقتوں کا ادراک کما حقہ نہیں کرتا نیز دوسرے لوگ بھی اس کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔
ان تمہیدی نکات کی روشنی میں یہاں چند سوال سامنے آتے ہیں۔
۱۔ کیا مزاح ہر صورت میں غیر پسندیدہ عمل ہے؟
۲۔پیغمبر ؐ اور آئمہ معصومین ؑ کی سیرت کیا کہتی ہے؟
۳۔ کیا دینی تعلیمات میں مزاح کے مثبت پہلو بھی دیکھنے میں آئے ہیں؟
ان سوالوں کے جواب میں یہ کہنا چاہیے کہ معصومین ؑ کی احادیث کی روشنی میں مزاح اور خوش طبعی ایک حد تک اچھی بات ہے۔ کیونکہ ہمارے دینی پیشواؤں نے معقول مزاح سے مکمل طور پر منع نہیں کیا ہے بلکہ بعض حالات یں اس کی تعریف کی ہے یہاں تک کہ یہ ہستیاں کبھی کبھی خود بھی مزاح کرتی تھیں۔
چنانچہ رسول اللہؐ کا ارشاد ہے:
”میں مزاح کرتا ہوں البتہ صرف حق پر مبنی باتیں کرتا ہوں۔“
پیغمبر اکرمؐ اور آئمہ معصومین ؑ کی سیرت
یاد رہے کہ رسول اکرمؐ اور آئمہ معصومین ؑ بھی مزاح فرمایا کرتے تھے اور لوگوں کو بھی اس کی ترغیب دیا کرتے تھے۔
چنانچہ حضرت امام صادق ؑ نے ایک شخص سے فرمایا:
”تم لوگوں کے درمیان مزاح کی کیا صورتحال ہے؟ (وہ شخص کہتا ہے) میں نے کہا ہم مزاح کم کیا کرتے ہیں۔ فرمایا ایسا نہ کرو۔ کیونکہ خوش طبعی حسن خلق کا ایک حصہ ہے اور تم خوش طبعی کے ذریعے اپنے (دینی) بھائی کے دل کو مسرور کر سکتے ہو اور بہ تحقیق رسول اللہؐ لوگوں کو خوش کرنے کے لئے ان سے مزاح فرمایا کرتے تھے۔“
امیر المومنین حضرت علی ؑ سے مروی ہے:
”جب رسول اللہ ؐاپنے کسی صحابی کو مغموم دیکھتے تو مزاح کے ذریعے اس کو شاد فرماتے تھے۔“
مزاح کے منفی اثرات
مذکورہ بالا احادیث سے مزاح کا مثبت پہلو ایک حد تک واضح ہوگیا۔ اب ہم بعض احادیث کا ذکر کرتے ہیں جو مزاح کے منفی پہلوؤں کو بیان کرتی ہیں۔
مذاق سے شخصیت خراب ہوتی ہے
حمران بن اعین کہتا ہے: میں حضرت امام صادق ؑ کی خدمت میں پہنچا اور آپؑ سے عرض کیا کہ مجھے کچھ نصیحت فرمائیں۔
آپؑ نے تقویٰ کی نصیحت کرنے کے بعد فرمایا:
”مذاق سے اجتناب کرو کیونکہ یہ انسان کا وقار اور رعب و دبدبہ ختم کردیتا ہے۔“
مذاق سے لوگ جری ہو جاتے ہیں
مذاق کا ایک نقصان یہ ہے کہ لوگ مذاق کرنے والے کے مقابلے میں جری ہو جاتے ہیں اور اس کی اہمیت کے قائل نہیں ہوتے۔
امام جعفر صادق ؑ کا اس بارے میں ارشاد ہے:
”مذاق نہ کیا کرو، وگرنہ لوگ تیرے مقابلے میں جری ہو جائیں گے۔“
مذاق عداوت کو جنم دیتا ہے
امیر المومنین حضرت علی ؑ کا ارشاد ہے:
”مذاق سے احتراز کرو کیونکہ وہ کینہ و عداوت کو جنم دیتا ہے اور وہ چھوٹی گالی ہے۔“
مذاق ایمان کے نور کو ختم کردیتا ہے
امیر المومنین ؑ سے مروی ہے:
”مذاق سے بچو کیونکہ وہ تیرے ایمان کے نور کو ختم اور تیری مردانگی کو کم کردیتا ہے۔“
مذاق اورعقل میں کمی
امیر المومنین حضرت علی ؑ فرماتے ہیں:
”انسان کے ہر مذاق کے ساتھ اس کی عقل کا ایک حصہ چلا جاتا ہے۔“
نتیجہ بحث
مذکورہ بالا احادیث سے ہم مجموعی طور پر یہ نتیجہ لیتے ہیں کہ مذاق کی خوبی اور بدی ایک نسبی امر ہے اور اس کے بارے میں آنکھ بند کرکے ایک ہی قسم کا فیصلہ کرنا درست نہیں۔
ایک طرف سے یہ امر ضروری ہے کہ مسلمان ایک دوسرے سے کشادہ روئی اور زندہ دلی کے ساتھ ملیں اور دوسری طرف سے یہ بھی لازم ہے کہ ایک دوسرے سے ملنے کا انداز مودبانہ اور سنجیدہ ہو۔ ان دونوں باتوں کی رعایت آسان بھی ہے اور مشکل بھی۔
کیونکہ اگر کوئی شخص دینی آداب کا خوگر ہو اور فن گفتگو کے حدود اربعہ سے خوب آگاہ ہو تو وہ معاشرتی اور گھریلو معاملات میں نہ اس قدر خشک، پھیکا اور بے ذوق ہوگا کہ دوسروں کے لئے باعث ملال ہو اور نہ اس حد تک آزاد یا لاپرواہ کہ غیر پسندیدہ ہنسی مذاق اور فضول باتوں سے اپنی شخصیت کو بھی گرائے اور دوسروں کو بھی آزردہ خاطر کرے۔
خلاصہ یہ کہ مومن کو ہشاش بشاش اور زندہ دل رہنا چاہیے لیکن اس کے باوجود اسے سنجیدگی، وقار اور ادب کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے پس رسول اللہؐ کے اس کے ارشاد کو ہرگز فراموش نہ کیجئے کہ میں مزاح کرتا ہوں لیکن کوئی بات حق سے ہٹ کر نہیں کرتا۔

































