
سنی، شیعہ، سلفی، اہلحدیث کو لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے،فرقہ واریت کے کارڈ سے لیبیا، یمن، شام اور عراق تباہ ہوئے، وفاقی وزیر مذہبی امور
نفرت انگیز تقریر و تحریر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، متفقہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف فوری قانونی ایکشن لیا جائیگا، محمد طاہر محمود اشرفی
لاہور(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امورنورالحق قادری نے کہاہے کہ سنی، شیعہ، سلفی، اہلحدیث کو لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے جبکہ وزیراعظم کے معاون حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے متفقہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف فوری قانونی ایکشن لیا جائیگا ،تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امورنورالحق قادری نے کل مسالک علما بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم کی جانب سے لاہور میں دئے گئے استقبالیہ سے خطاب میں کہا کہ لیبیا، یمن، شام اور عراق میں فرقہ واریت کا کارڈ چلا، جس کی وجہ سے یہ ملک تباہ ہوئے، ہمیں اس سازش کو ناکام بنانا چاہئیے، اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے مندر، مسجد، امام بارگاہ اور چرچ کا کردار اہم ہوگا ،ایک عالم دین کی کامیابی یہ ہے کہ جب وہ کسی مسجد کو سنبھالے تو اختلاف کو اتحاد میں بدل جانا چاہئے ، علماءکو چاہئے کہ ایسی باتیں نہ کریں جس سے معاشرے میں الجھاﺅ پیدا ہو،ادھر نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے متفقہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف فوری قانونی ایکشن لیا جائیگا، نفرت انگیز تقریر و تحریر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، حکومت عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت کی چوکیدار ہے ، توہین ناموس رسالت اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف عالمی سطح پر قانون سازی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، فلسطینی صدر نے وزیر اعظم عمران خان کے فلسطین کے مسئلہ پر موقف کو جرا ت مندانہ اور امت مسلمہ کی ترجمانی قرار دیا ہے۔


































