
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے سکھر کے مقامی ہال میں وحدت امت و پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں علمائے کرام، ماتمی انجمنوں کے سالار، بانیان مجالس و جلوس اور تنظیمی کارکنان نے شرکت کی۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی، علامہ سید عالم شاہ موسوی، علامہ علی بخش سجادی، علامہ عبد المجید بہشتی، علامہ عبداللہ مطہری، علامہ یوسف نفسی، علامہ پہلوان علی و دیگر علماء کرام، بانیان و ماتمی سالاروں نے خطاب کیا۔ کانفرنس سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ٹیلیفونک خطاب بھی کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا۔ جس میں فرانس کے جریدہ چارلی ہیبڈو میں توہینِ رسالت(ص) پر مبنی خاکوں کی اشاعت اور سوئیڈن میں توہینِ کتاب الہٰی کی مذمت۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی، مظلوم کشمیریوں کا قتل عام اور اقوام متحدہ کی خاموشی کی مذمت اور ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔


































