
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور فلسطینی صدر محمو د عبا س کے ایک دوسرے کوخطوط،پہلے قانون ساز کونسل، پھر صدارت اور آخر میں قومی کونسل کے الیکشن پر اتفاق
حماس مصر،قطر،ترکی اور روس کی ضمانت پرالیکشن پر رضامند ہوئی ،رہنما،جامع سمجھوتہ چاہتے ہیں تاکہ اپنی توانائیاں آزادی فلسطین کیلئے وقف کردیں ، اسماعیل ہنیہ
غزہ (نیوز ڈیسک)فلسطینی تنظیم الفتح اور حماس نے غرب الاردن اورغزہ میں الیکشن کرانے پر اتفاق کرلیا ہے ،حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور فلسطینی صدر محمو د عباس نے ایک دوسرے کو لکھے گئے خطوط میں پہلے قانون ساز کونسل، پھر صدارت اور آخر میں قومی کونسل کے الیکشن کرانے پر اتفاق کیا، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی جانب سے فلسطینی صدر محمود عباس کو بھیجے گئے خط میں الیکشن کرانے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا ، محمود عباس نے جوابی خط میں شراکت اور اتحاد کو ایک اسٹریٹجک مقصد کے طور پر حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ، اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے قومی گفت و شنید پر زور دیا ، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے چیئرمین حنا نصیر جلد ہی غزہ کا دورہ کریں گے اورانتخابی تیاریوں اور طریقہ کار پر مذاکرات کریں گے، حماس کے سینئر رہنما طاہر النانو نے بتایا کہ ان کی جماعت مصر،قطر،ترکی اور روس کی ضمانت پرالیکشن پر رضامند ہوئی ہے، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا صدر عباس کو انتخابات کے انعقاد کے لئے خط فلسطینی اداروں میں تین سطحوں قانون سازی ، صدارتی اور قومی کونسل میں شراکت اور اتحاد کے حصول کی جانب ایک قدم ہے، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اقصیٰ ٹی وی پر نشر ہونے والی اپنی تقریر میں کہا کہ حماس اور فتح نے عام انتخابات سے متعلق اپنے تنازعہ کو ختم کردیا ہے، حماس قانون ساز ادارے اور صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے، فلسطینیوں میں قومی آشتی کا قیام ایک اعلی ہدف و مقصد ہے جس کے ہم ہمیشہ درپے بھی رہے ہیں اور تحریک حماس فلسطینیوں کے ایک جامع سمجھوتے کے حصول کی خواہاں ہے تاکہ وہ خود کو غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے اور فلسطین کو آزاد کرانے کے لئے وقف کردیں


































