
جشن ولادت باسعادت خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے موقع پر ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں بارہ تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا، اس پورے ہفتے میں مشترکہ اجتماعات منعقد کرکے عظیم وحدت کا پیغام دیں گے، تمام مکاتب فکر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان اجتماعات میں شرکت کرکے عملی وحدت کا مظاہرہ کریں اور دشمن کی سازش کو ناکام بنادیں، ملک کے چپے چپے میں شیعہ سنی مل کر میلادالنبی (ص) کے جلوس نکالیں، ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان سبیلیں لگائیں اور شرکائے جلوس کا استقبال کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے جشن ولادت باسعادت نبی آخرالزمان (ص) کی آمد کے موقع پر وحدت ہاؤس میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علی حسین نقوی، یعقوب الحسینی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ صادق جعفری، میر تقی ظفر، ناصر الحسینی، حیدر زیدی، زین رضوی، احسن عباس، حسن رضا سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح سرزمین پاکستان میں بھی شیعہ سنی متحد ہیں کوئی فرقہ واریت نہیں، چند مٹھی بھر تکفیری سوچ کے حامل افراد ملک کے امن کو غارت کرنا چاہتے ہیں جنہیں ہم اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے، نبی کریم (ص) کی ذات اقدس دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے نقطہ وحدت ہے، عالم اسلام معاشرتی مشکلات اور عالم کفر کی سازشوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے سیرت پیغمبر ختمی مرتب (ص) سے استفادہ کرے۔


































