
دمشق: شامی حکومت نے سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے اپوزیشن کے زیر کنٹرول علاقوں میں امداد پہنچانے کی اجازت مزید تین ماہ کے لیے بڑھا دی ہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے شام کے لئے مشن نے تین ماہ کی توسیع کی تصدیق کی ہے۔ اقوام متحدہ کے امدادی ترجمان ایری کانیکو نے کہا کہ ہم حکومت شام کی جانب سے باب السلام اور الراعی سرحدی کراسنگ کو 13 نومبر تک استعمال کرنے کی اجازت میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ جولائی میں شام حکومت کے اتحادی روس نے شامی حکومت کی اجازت کے بغیر امدادی کراسنگ کے استعمال کی اجازت میں توسیع کو روک دیا تھا۔ شامی حکومت کی یہ اجازت امریکا کی جانب سے انسانی امداد سے منسلک اداروں کو پابندیوں میں استثناء کے بعد سامنے آیا ہے۔


































