
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حاج شہید قاسم سلمانی کو دنیا بھر کے جرنیلوں کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سردار قاسم نے عالم اسلام کے خلاف امریکا کے مذموم عزائم اور ورلڈ آرڈر کو ناکام بنایا۔ سپر پاور کے زعم میں مبتلا امریکا کو اگر لگام نہ ڈالی جاتی تو وہ مسلمان ریاستوں کو ٹکرے ٹکرے کر دیتا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی و اسلام آباد کے زیر اہتمام تکریم شہدائے کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردار قاسم سلیمانی کربلائی فکر کے پیرو تھے وہ پوری دنیا کے مظلومین کے لیے ڈٹے رہے۔ ان کی شخصیت نے نظام ولایت فقیہ میں جنم لیا۔ انہوں نے کہا پہلی جنگ عظیم کے بعد عالمی استکباری قوتوں نے ایک نیا مشرق وسطیٰ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ جس کا مقصد مسلم ممالک کو چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم کرنا تھا۔ سویت یونین کی تقسیم کے بعد امریکہ سپر پاور کے طور پر نمودار ہوا۔ نیو ورلڈ آرڈر کی تکمیل کے لیے امریکہ نے اس خطے میں جنگیں شروع کیں۔ ہماری خوش بختی تھی کہ ایران میں ایک ایسی الہیٰ طاقت نے انقلاب برپا کیا، جو انبیاء کے راستوں پر چلتے ہوئے عالمی استعماری قوتوں سے ٹکرانا جانتی تھی۔انہوں نے شہید قاسم سلمانی، شہید ابو مہدی، ان کے رفقاء و دیگر شہدائے ملک و ملت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہر سال عشرہ تکریم شہداء منانے کا اعلان کیا۔ کانفرنس سے خطاب میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کے نام سے دشمنان اسلام سخت خوفزدہ ہیں۔ سوشل میڈیا اور ویب پر فلٹرز لگائے گئے ہیں، تاکہ ایک عظیم شہید کے نام کو نشر نہ ہونے دیا جائے۔ شہید قاسم سلمانی کی جرات و استقامت کے نتیجے میں گریٹر اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کا خواب دیکھنے والی ریاست اپنی بقاء کی جنگ لڑنے پر مجبور ہے۔ داعش کو اگر شام میں بدترین شکست نہ دی گی ہوتی تو ان کا اگلا ہدف پاکستان کی سرزمین ہوتا۔ علامہ احمد اقبال بہشتی نے کہا کہ شہداء کو یاد رکھنے والی قومیں ہی زندہ رہتی ہیں۔ جن شہداء کی یاد میں یہ کانفرنس منعقد کی گئی، وہ کمال کی راہوں پر گامزن تھے۔ علامہ سید محمد علی نقوی نے کہا کہ شہداء کا اللہ تعالیٰ کے ہاں عظیم مقام ہے۔ وہ زندہ ہیں اور خدا کے ہاں رزق بھی پاتے ہیں۔ شہادت کا رتبہ مقدر والوں کے حصے میں آتا ہے۔ کانفرنس کے دوران شاعر اہلبیت پروفیسر تنویر حیدر، اعزاز حیدر نقوی، زوار حسین بسمل نے اپنے اپنے انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر مولانا علی اکبر کاظمی نے شہدائے اسلام کے درجات کی بلندی، وطن عزیز کی خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور اسلام دشمن استکباری و طاغوتی قوتوں کی نابودی کے لیے دعا بھی کروائی۔


































