
غزہ: صیہونی فوجی ایک بار پھر الشفا اسپتال میں گھس گئی اور توڑ پھوڑ مچادی۔ صیہونی فوجیوں نے اسپتال کے اندر سے فائرنگ کا جواز بناکر ایک بار پھراسپتال پر دھاوا بول دیا اور تمام شعبوں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔ فوجیوں نے عمارت کی جنوبی حصے اور وہاں کھڑی درجنوں کاروں کو تباہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے میڈیکل کمپلیکس کے گرد اسنائپرز کو تعینات کر دیا ہے۔ جو اسپتال سے نکلنے کی کوشش کرنے والوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اسپتال کے منتظمین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسپتال کا محاصرہ ختم کرائیں۔ اسپتال میں بجلی، پانی اور کھانے پینے کی اشیاء ختم ہوچکی ہیں جس سے مریضوں اور زخمیوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔ میڈیکل کمپلیکس کی اندرونی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ گذشتہ روز صیہونی فوج چودہ گھنٹے تک تباہی مچا کر الشفا اسپتال سے نکل گئی تھی لیکن آپریشن میں یرغمالی ملے نہ ہی سرنگیں مل سکیں۔


































