
غزہ: صیہونی درندگی تھم نہ سکی۔ جنگی طیاروں نے المغازی کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چھ افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ رفح میں میزائل حملے میں مکان تباہ ہونے سے اٹھارہ افراد شہید ہوگئے۔ ادھر امریکہ اور عالمی برادری کی تنقید اور رفح پر حملے سے باز رہنے کی تنبیہ کے باوجود اسرائیلی وزیر اعظم اپنی ضد پر قائم ہیں اور رفح پر حملے کی منصوبہ بندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل رمضان المبارک کے بعد رفح پر حملہ کی تیاری کر رہا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یرغمالیوں کے عزیزوں سے ملاقات میں کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی صرف فوجی دباؤ سے ممکن ہوگی۔ غزہ میں شمالی علاقے اور خان یونس کو فتح کر لیا ہے، اب رفح میں فوج داخل کرنے والے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اچانک بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں شروع کردیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مشقوں میں تمام ڈائریکٹوریٹس، آپریشن ڈویژنز، جنرل اسٹاف اور ونگز شریک ہوں گے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ سرپرائز مشقوں کا مقصد شمال میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط کرنا تھا۔


































