
صنعا : یمنی فوج نے بحیرہ احمر کی آبنائے باب المندب میں ایک اور برطانوی جہاز کو نشانہ بنادیا۔ برٹش میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ یمن میں مخا کی بندرگاہ سے 35 ناٹیکل میل جنوب میں جہاز میزائل کا نشانہ بنا۔ جہاز کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں نقصان ہوا۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے کہاہے کہ یمنی مسلح افواج کی بحریہ نے ایک فوجی آپریشن کیا اور برطانوی جہاز روبی مار کو بحری میزائلوں سے نشانہ بنایا آپریشن کے نتیجے میں جہاز کو تباہ کن نقصان پہنچا اور اسے ڈوبنے کے خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ آپریشن جارحیت اور محاصرے کو برداشت کرنے والے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اور یمن کے خلاف امریکی برطانوی جارحیت کے جواب میں کیا گیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یمنی ائرڈیفنس نے حدیدہ میں امریکی جاسوس ڈرون ایم کیو نائن کو راکٹ مار کر مار گرایا۔


































