
پشاور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام پشاور یونیورسٹی میں یوم حسین علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا، آغا خان آڈیٹوریم ہال میں منعقدہ پروگرام کا عنوان حسین محور وحدت تھا، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، سربراہ جماعت اہل حرم پاکستان مفتی گلزار احمد نعیمی، علامہ عابد حسین شاکری، پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمان، ثقلین مہدوی، پروفیسر ڈاکٹر راشد احمد اور دیگر مقررین نے کانفرنس میں شرکت اور خطاب کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ نے معرکہ عظیم میں امت رسول (ص) کو جذبہ وحدت کا درس دیا کہ رسول اکرم (ص) کی امت کو وحدت کی ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ امام حسینؑ آج اتحاد و اتفاق کے علمبردار و پیامبر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، آج سب امام حسینؑ کے نام پر متحد نظر آتے ہیں، یہ بات کسی بھی شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ دنیا کا ہر کلمہ گو حسینی ہے، اس لئے ان کی ذمہ داری ہے کہ یزیدیت کے خلاف ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کریں اور سیرت امام حسین علیہ السلام کو اپنے کردار پر نافذ کرتے ہوئے پیغام حسینیت دنیا کے کونے کونے میں پہنچائیں، یزید مٹ گیا، مگر حسینؑ مرکز وحدت بن کر آج بھی زندہ ہیں اور تا قیامت زندہ رہے گا۔


































