
کولمبو : سری لنکا میں بدترین معاشی بحران پر حکومت نے ہفتے میں چار دن کام کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکا میں سرکاری شعبے کے ملازمین کیلئے ہفتے میں 4 دن کام کی منظوری دے دی گئی ہے۔
سرکاری ملازمین کو 3 ماہ تک ہفتے میں 3 دن چھٹی دی جائے گی، ہفتے میں تین چھٹیوں کا مقصد ایندھن کی قلت سے نمٹنا ہے۔ محکمہ اطلاعات کا کہنا ہے کہ تین چھٹیوں کا مقصد ملازمین کیلئے کاشتکاری کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے، آنے والے دنوں میں خوراک کی قلت کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔محکمہ اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ سرکاری ملازمین چھٹیوں میں اناج اگانےکی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کو زرمبادلہ کی کمی کے باعث ایندھن، خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔


































