
قاہرہ : غزہ پر صیہونی حملوں کے خلاف دنیا سراپا احتجاج ہے۔ یورپی اور مسلم ممالک میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہزاروں افراد نے فری فلسطین مارچ میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کیا۔ ترکیہ میں بھی لوگ فلسطینی عوام کے لئے گھروں سےباہر نکل آئے۔ بوسنیا میں ہزاروں افراد نےریلی نکالی۔ سربیا میں مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ امریکا کے شہر نیویارک، میکسیکو اور شکاگو میں بھی ہزاروں مظاہرین نے فلسطین کو آزاد کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کاکہنا تھا کہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت بند کی جائے۔ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے فری فلسطین کے نعرے لگائے۔ جرمنی کے شہر برلن میں ہزاروں افراد غزہ کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین پر پولیس نے تشدد بھی کیا اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔ آئرلینڈ میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے لوگ سڑکوں پر آئے, فری فلسطین کے نعرے لگائے.


































