
غزہ : امریکی حمایت سے صیہونی فوج نے غزہ میں ایک بار پھر قیامت برپا کردی۔ وحشیانہ حملوں میں سینکڑوں فلسطینی شہید و زخمی ہوگئے۔ صیہونی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ میں خان یونس اور رفح، شمال میں غزہ سٹی اور دیر البلاح جیسے وسطی علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔ خیمہ بستیوں، تباہ عمارتوں کے ڈھانچوں اور دیگر مقامات پر آتش وآہن کی بارش کردی۔ شہدا کی تعداد 350 سے تجاوز کر گئی ۔ شہدا میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اسرائیل نے سو سے زائد حملے کئے۔ حملوں میں حماس کے نائب وزیر داخلہ میجر جنرل محمود ابو وطفہ بھی شہید ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے ہونے والی بات چیت کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام ہونے کے بعد وسیع حملے کررہی ہے۔ غزہ میں حماس سے تعلق رکھنے والے اہداف پر بمباری کی گئی ہے۔


































