
غزہ : غزہ میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث فلسطینی پناہ گزینوں کے ہزاروں خیمے ڈوب گئے اور سامان بہہ گیا۔بارش کا پانی خیموں کے اندر بھر جانے سے بے یار و مددگار شہریوں کی تکالیف میں مزید اضافہ ہو گیا۔ پانی داخل ہونے کے باعث کپڑے، بستر اور دیگر ضروری سامان بری طرح بھیگ چکا ہے۔ غزہ کی سول ڈیفنس کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ شمالی غزہ ہے جہاں جنگ بندی کے بعد بڑی تعداد میں لوگ واپس آئے تھے۔ وسطی غزہ کے دیرالباح میں بھی سیلاب کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ادارے نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ دو سالہ جنگ میں تباہ ہونے والے گھروں کے متبادل کے طور پر فوری طور پر رہائش، کیری وینز اور خیمے فراہم کیے جائیں تاکہ سخت سردیوں سے لوگوں کو بچایا جا سکے۔


































