
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہاہے کہ ایرانی عوام کا اتحاد اسلامی انقلاب کی کامیابی کا اور اس کے دوام و استحکام کا راز ہے نیز اس اتحاد کو مزید مستحکم بنا کر آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کرنی چاہئے۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی طاقت کو پہچانیں اور ساتھ ہی دشمن کی بھی توانائیوں اور اس کے مکر و فریب سے ایک لمحے کے لئے بھی غافل نہ ہوں۔آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے دشمن کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دشمن سے کبھی بھی اور کسی بھی صورت میں مرعوب نہیں ہونا چاہئے کیونکہ دشمن کا یہ طریقہ رہا ہے کہ وہ اپنے مقابل فریق کو ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کرتا ہے۔ دشمن ہماری جن باتوں پر اعتراض کرتا ہے وہی ہمارا نقطۂ قوت ہے، اس لئے ہمیں اپنی قوت میں اضافہ کرنا چاہئے۔ انتخابات ملک میں اصلاحات کا ذریعہ ہیں لہٰذا سب کو انتخابات میں شرکت کرنا چاہئے۔


































