
تل ابیب : صیہونی وزیر خزانہ بیزالیل اسموٹریچ نے ایک بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غزہ پر قبضہ کریں گے اور اب پیچھے ہٹنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بیت المقدس میں ایک کانفرنس سے خطاب میں صیہونی وزیر نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کے زیر کنٹرول علاقوں سے کوئی انخلاء نہیں کیا جائے گا ۔ اسیروں کی رہائی کے معاہدے کے بدلے میں بھی انخلا نہیں کیا جائے گا ہم بالآخر لفظ قبضہ سے ڈرنا بند کریں گے۔ اسموٹریچ نے مزید کہا کہ کابینہ نے کل رات ایک اہم اور فیصلہ کن قدم اٹھایا ہے اور اب پیچھے ہٹنے کا کوئی امکان نہیں۔ قیدیوں کو آزاد کروانے کا واحد راستہ حماس کو شکست دینا ہے۔ اسموٹریچ نے کہا کہ ہم تمام انسانی امداد کا کنٹرول سنبھال رہے ہیں تاکہ یہ حماس کے لیے سپلائی نہ بنے۔ ہم حماس کو آبادی سے الگ کر رہے ہیں اور پٹی کو صاف کر رہے ہیں۔


































