
تہران :ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کا تعین ہم کریں گے۔ خطے میں سلامتی یا تو سب کے لیے ہوگی یا پھر کسی کے لیے نہیں۔ جارحیت کا جواب بھرپور اور فیصلہ کن دیا جائے گا۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کوئی بھی عرب یا یورپی ملک جو اپنے ملک سے اسرائیل اور امریکہ کے سفیروں کو نکال دے گا، انھیں آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے مکمل اختیار اور آزادی حاصل ہوگی۔
ادھر ایرانی فوجی کمانڈر کا کہنا ہےکہ ایران امریکا اور اسرائیل کو سزا دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ تہران نے خبردار کیا ہے کہ جارحیت کا جواب بھرپور اور فیصلہ کن دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کریں گی۔ دشمن یہ نہ سمجھے کہ ایران دباؤ میں آ جائے گا، بلکہ ایرانی قوم اور مسلح افواج متحد ہو کر جواب دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائیاں خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ ایرانی کمانڈر نے مزید کہا کہ ایران کی دفاعی اور عسکری صلاحیتیں مضبوط ہیں اور دشمن کو اپنے اقدامات کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
اس سے پہلے امریکا کے جنگی جنونی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران سے جنگ بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ ہم کئی لحاظ سے پہلے ہی جیت چکے ہیں، لیکن ابھی مکمل طور پر نہیں جیتے۔ آبنائے ہرمز سے رکاوٹ ختم نہ ہوئی تو ایران پر موت، آگ اور قہر برسے گا۔


































