Wed Nov 25, 2026

ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، عباس عراقچی اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے، انروا کا 35 سالہ کارکن اور 2 فلسطینی شہید قطری وزیرِ اعظم کی مارکو روبیو سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال این پی ٹی سے علیحدگی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اسماعیل بقائی وینزویلا کے تیل کا معاہدہ: امریکی نائب صدر کیخلاف تحقیقات کا آغاز سعودی فوج کا یمن پر فضائی حملہ امریکی بیانات کے باوجود ایرانی تیل کی برآمد جاری ہے: حمید بورد ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کے شیڈو بینکنگ سسٹم کیخلاف کریک ڈاؤن، 8 افراد، 22 اداروں پر نئی پابندیاں عراق میں حضرت عزیرؑ کے مزار کا انتظام صیہونی عناصر کے حوالے کرنے کا منصوبہ ایران پر اسرائیلی وامریکی حملوں میں 623 بچے شہید ہوئے فرانس میں مسلسل چھٹے ہفتے مہنگائی کیخلاف شدید احتجاج ترکیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 ناکام، سیاسی معاہدہ نہ ہوسکا ڈیلٹا ایئر لائنز کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی، امریکا بھر میں 1200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار جرمنی نے خفیہ اداروں کے اختیارات میں سب سے بڑی اصلاحات کی منظوری دیدی امریکی وزارت خارجہ کی بحرین میں امریکی شہریوں کو دوبارہ وارننگ

روزانہ کی خبریں

مذاق اڑانے والوں کے مقابل ہم تیرے لیے کافی ہیں

تحریر: سید اسد عباس

سورۃ حجر کی آیت 95 رسالت مابؐ کا مذاق اڑانے والوں سے متعلق ہے۔ تفسیر ابن کثیر میں سورہ حجر کی آیت کے ذیل میں درج ہے: "بنو اسد سے ابو زمعہ، بنی زہر سے اسود، بنی مخزوم سے ولید، بنی سہم سے عاص بن وائل، بنی خزاعہ سے حارث۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایذاء رسانی کے درپے رہتے تھے اور لوگوں کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف ابھارا کرتے تھے اور جو تکلیف ان کے بس میں ہوتی، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پہنچایا کرتے۔ جب یہ اپنے مظالم میں حد سے گزر گئے اور بات بات میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مذاق اڑانے لگے تو اللہ تعالیٰ نے سورہ حجر کی آیت میں فرمایا: "بے شک مذاق اڑانے والوں کے مقابل ہم تیرے لیے کافی ہیں۔”

ان مذاق اڑانے والوں میں ایک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سگا چچا ابو الہب بھی شامل ہے۔ عبد العزی رسالت ماب ؐ کا شدید دشمن تھا اور آپ ؐ پر بہتان لگانے، آپ کا مذاق اڑانے، آپ کو تکلیف پہنچانے، آپ کے کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کرتا تھا۔ اللہ کریم کو عبد العزی جسے ابو لہب کے نام سے قرآن میں ذکر کیا گیا ہے، کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو تکلیف دینا اس قدر ناگوار گذرا کہ اس کی مذمت میں ایک سورۃ نازل کی گئی۔ یہ سورہ، سورہ مسدد یا سورہ لہب کے طور پر معروف ہے۔ اس سورہ کا ترجمہ حسب ذیل ہے: "ابولہب کے ہاتھ ٹوٹیں اور وہ ہلاک ہو {1} نہ تو اس کا مال ہی اس کے کچھ کام آیا اور نہ وہ جو اس نے کمایا {2} وہ جلد بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہوگا {3} اور اس کی بیوی بھی جو ایندھن سر پر اٹھائے پھرتی ہے {4} اس کے گلے میں مونج کی رسّی ہو گی {5}”

اسلامی تاریخ اور شیعہ سنی منابع کے مطابق اس شخص نے رسول اللہ ؐ سے قرابت کے باوجود آپ کو ایذا پہنچانے میں کوئی کمی نہ کی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب تبلیغ دین کا آغاز کیا تو ابو لہب نے عزی (بیت اللہ میں رکھا گیا بت) کی حمایت شروع کر دی۔ دعوت ذوالعشیرہ کے موقع پر ابو لہب نے کم کھانے کے تمام مدعوئین کے لیے کافی ہونے کو جادو قرار دیا، ابو لہب قریش کی جانب سے رسالت ماب ؐ کے قتل کی سازش کا حصہ تھا، تاہم اس نے کہا کہ حملہ رات کو نہیں بلکہ صبح کیا جائے، تاکہ کوئی بچہ یا خاتون قتل نہ ہو۔

تاریخی روایات کے مطابق ابو لہب رسول اللہ ؐ کا ہمسایہ تھا اور ہر وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اذیت دیتا تھا۔ کبھی نماز پڑھتے ہوئے آپ پر بکری کی اوجری پھینک دیتا، کبھی دروازے پر غلاظت ڈال جاتا، ابو لہب کی بیوی ام جمیل بنت حرب جو ابو سفیان کی بہن بھی تھی، جس کا تذکرہ اور عمل بھی سورہ لہب میں درج ہے، کا وطیرہ تھا کہ خار دار جھاڑیاں اٹھا کر روزانہ رسالت ماب ؐ کے دروازے کے سامنے ڈال دیتی، تاکہ دروازے سے نکلنے والوں کے پاؤں کانٹوں سے زخمی ہو جائیں۔ ابو لہب ہی وہ شخص ہے، جو رسول اللہ ؐ کے فرزند کی رحلت کے موقع پر اپنے بھتیجے کے پاس تعزیت کے لیے جانے کے بجائے قریش کے پاس گیا کہ لو آج محمد ؐ نعوذ باللہ بے نام و نشان ہوگیا۔ جس کے جواب میں سورۃ کوثر نازل ہوئی، جس میں رسول اللہ ؐ کے دشمن کو بے نام و نشان قرار دیا گیا۔ رسول اللہ ؐ تبلیغ کرتے تو ابو لہب پیچھے پیچھے چلتا اور کہتا جاتا کہ یہ شخص (نعوذ باللہ) جھوٹا ہے اور اپنے آباء کے دین سے پھر گیا ہے۔ مقاطعہ کے ایام میں ابو لہب تاجروں کو بنی ہاشم کو مال بیچنے سے منع کرتا اور زیادہ معاوضہ لینے پر ابھارتا۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا (نعوذ باللہ) مذاق اڑانے والے درج بالا تمام افراد کا انجام نہایت بھیانک تھا۔ وہ خود دنیا کی نگاہ میں مذاق بن گئے۔ ان میں سے ابو لہب کو ایسی بیماری لاحق ہوئی کہ اس کے بدن سے بو آتی تھی، جس کی وجہ سے اسے مکہ سے باہر رکھ کر اس پر پتھر پھینک کر اسے دفن کیا گیا اور اہل مکہ کا وطیرہ رہا کہ جب وہاں سے گزرتے، اس کی قبر پر پتھر پھینکتے۔ یہ تو دنیاوی انجام تھا، وعدہ الہیٰ کے مطابق یقیناً وہ اس وقت اخروی عذاب سے دوچار ہوگا۔ صدر اسلام کے ان کفار کی مانند آج مغربی دنیا میں بھی آزادی اظہار کے نام پر دین اسلام اور رسالت ماب ؐ کے استہزاء کو ایک حربہ کے طور پر اختیار کیا گیا ہے۔ جس کا مقصد دین اسلام سے لوگوں کو دور رکھنا، ان کے دلوں میں رسالت ماب ؐ اور اسلام سے نفرت کو راسخ کرنا، قرآن کریم سے متنفر کرنا شامل ہے، تاہم وہ یہ نہیں جانتے کہ اللہ کا نور مکمل ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا اور ان کے ان اقدامات کی حیثیت پھونکوں سے زیادہ نہیں ہے۔

حال ہی میں دو شاتم رسول ؐ مغربی دنیا میں فی النار ہوئے، جن میں کل مرنے والے کارٹونسٹ لارس ولکس کی موت اس وقت تک معمہ ہے۔ پولیس کے دفاعی حصار میں اس کارٹونسٹ کی گاڑی بے قابو ہوگئی۔ دوسری جانب سے آنے والے ایک ٹرک میں جا لگی، جس سے موقع پر آگ لگ گئی۔ جنوبی سویڈن کے علاقائی تفتیشی یونٹ کے سربراہ اسٹفن سنٹیوس کے مطابق ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پتہ لگائیں کہ کار قابو سے باہر ہو کر سڑک پر دوسری جانب کیسے نکل گئی۔ ہمیں ابھی تک یہ نہیں معلوم کے باڈی گارڈ کار سڑک پر غلط سمت میں کیسے آئی۔ ہم عینی شاہدین سے بات کر رہے ہیں۔

اسی طرح کرٹ ویسٹر گارڈ بھی جولائی 2021ء میں اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا، اس کی بیماری سے متعلق انٹرنیٹ پر زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں، فقط یہ تحریر ہے کہ ایک طویل علالت کے بعد مرا۔ شاید کچھ نام نہاد روشن دماغ لوگ ان اموات کو معمول کی موت قرار دیں، لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے دشمنوں کی تاریخ سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ابتر بھی ہوئے اور دنیا سے نشان عبرت بن کر ہی اٹھائے گئے۔ بالیقین ہر وعدہ الہیٰ کی مانند یہ بات بھی حق ہے: إِنَّا كَفَيْنَاكَ الْمُسْتَهْزِئِينَ۔

مزید پڑھیے

Most Popular