
تہران : ایران اور عمان نے اقتصادی، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے چار معاہدے کرلئے۔ ایران اور عمان کے وزرائے پیٹرولیم، اقتصادی امور خزانہ اور تجارت نے معاہدوں پر دستخط کیے۔ جبکہ مفاہمت کی 12 یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے اقتصادی فری زونز میں تعاون کو فروغ دینے پربھی اتفاق کیا ہے۔ یہ معاہدے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق السید کے دورہ تہران کے موقع پر کئے گئے۔ اپنے عمانی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ چار دستاویزات کے علاوہ ایران اور عمان کے رہنما مستقبل قریب میں ایک جامع اسٹریٹجک تعاون کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے خواہاں ہیں۔ عمانی وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا ہے کہ علاقائی تعلقات میں ایک نئے مثبت مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے، سلطان ہیثم کے دورۂ تہران سے خطے اور دنیا پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔


































