
پیرس : فرانس میں متنازع پنشن اصلاحات کیخلاف تین ماہ سے جاری احتجاج پرتشدد رخ اختیار کرگیا۔ جھڑپوں میں ڈیڑھ سو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں کے اصلاحات واپس لینے سے انکار نے عوام کو برہم کردیا اور غصے سے بھرے مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں اور گلیوں میں نکل آئی۔ مظاہرین نے کئی شہروں میں پُرتشدد احتجاج کیا۔ پیرس کی سڑکیں میدان جنگ بن گئیں۔ سڑکوں اور گلیوں میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں ۔اہلکاروں نے آنسو گیس کے شیل پھینکے اور لاٹھی چارج کیا۔ شہر میں 140 مقامات پر آگ لگادی گئی۔ مظاہرین نے تاریخی مرکزکو بھی جلادیا۔ جھڑپوں میں ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 172 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔


































