
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی کو سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی، فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 262 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کور کمانڈر کانفرنس میں انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت کےلیے فوج کی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اسکا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی ماورائے علاقائی، ماورائے عدالت قتل اور بھارت کی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی، پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم پر بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کانفرنس نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے دنیا بھر میں قتل و غارت کے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔ فورم نے نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔


































