
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں جس کی ذمہ داری ایران پر ہی عائد ہوگی۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہےکہ دہشتگردی خطے کے تمام ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ ہے جس کیلئے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے۔ یکطرفہ کارروائیاں اچھے ہمسایہ تعلقات کے مطابق نہیں ہیں اور یہ دو طرفہ اعتماد کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کی رات ایرانی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں کو میزائل اور ڈرون حملے سے تباہ کرنے کا دعویٰ کیاہے۔


































