
نئی دہلی : ہندوستان کے صوبے اتراکھنڈ میں زیر تعمیر سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو سترہ دن بعد بحفاظت نکال لیا گیا۔ اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقے اترکاشی میں زیر تعمیر سلکیارا سرنگ کا ایک حصہ 12 نومبر کو منہدم ہو گیا تھا اور اکتالیس مزدور پھنس گئے تھے۔ امدادی کارکن 17 روز سے مزدوروں کو نکالنے کی ہرممکن کوشش کررہے تھے۔ ملبے کے سامنے اور عمودی طور پر ڈرلنگ کرنے کی کوششیں ناکام رہیں۔ ناکامی کے بعد افقی ڈرلنگ اور ہاتھوں سے کھدائی کے بعد آٹھ سو ملی میٹر قطر کے پائپ نیچے اتارے گئے اورپائپ کے ذریعے تمام مزدوروں کو باہر نکال لیا گیا۔ تمام مزدوروں کی حالت بہتر ہے۔ مزدوروں کے بحفاظت نکلنے پر سرنگ کے قریب گاؤں میں آتش بازی کی گئی اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔


































