
کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فضائی حدود کی خلاف ورزی بند کردے۔ افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان کی فضائی حدود پر اب بھی امریکیوں کا قبضہ ہے۔ افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور واشنگٹن بارہا اس معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹوں کو جھوٹا بہتان اور پروپیگنڈے پر مبنی قرار دیا ۔انہوں نے کہاکہ وہ خود اسے بناتے اور پھیلاتے ہیں ۔جو کچھ نشر کیا جارہا ہے اسے غیر جانبدار ہونا چاہیے۔ انہوں نے طالبان حکام کے درمیان تنازعات کے دعوؤں کی تردید کی اور کہا کہ نظام کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی تنازع کا حکومت میں کوئی وجود نہیں ہے۔ یہ سب پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔


































