
ریاض ؛ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں غزہ جنگ بندی معاہدے اور مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، سلامتی و استحکام کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ملاقات سے متعلق تحریری بیان میں کہا کہ مارکو روبیو نے غزہ کے لیے ایک ایسے بندو بست کی اہمیت کو اجاگر کیا جو علاقائی سلامتی میں مددگار ہو۔ دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی سے اپنی وابستگی کا بھی اعادہ کیا اور شام ، لبنان اور بحیرہ احمر کے بارے میں گفتگو کی۔
اس سے پہلے سعودی اور امریکی وزرائےخارجہ نے ملاقات کے دوران امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات اور انہیں بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔


































