
غزہ : غزہ میں شمالی علاقوں کو واپس جانیوالے فلسطینیوں کی جانچ پڑتال کی ذمہ داری امریکا کے نجی سیکورٹی کنٹریکٹرز کو سونپ دی گئی۔ نیو یارک ٹائمز اور ایکسیوس دونوں نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکا کی دو کمپنیاں نیٹزارم کوریڈور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گی جو وہاں اپنے گارڈز تعینات کریں گی۔ تاکہ گھروں کو واپس جانے والوں کی اسکریننگ کی جائے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے مطابق اسرائیلی افواج کو نیٹزارم راہداری سے انخلا کرنا ہے اور یہ وہ جگہ ہے جہاں پرائیویٹ سیکیورٹی کنٹریکٹر اس خلا کو پر کریں گے۔ رپورٹس کے مطابق مسلح گارڈز جنوب سے شمال کی طرف جانے والی گاڑیوں میں اسلحہ کی جانچ پڑتال کریں گے۔ سیف ریچ سلوشن Safe Reach Solutions نے چیک پوسٹ کیلئے منصوبہ تیار کیا ہے جبکہ یو جی سلوشنز UG Solutions امریکی فوج اور دوسرے اداروں کو سیکورٹی گارڈز فراہم کرنے کا کام کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک تیسری مصری فرم بھی اس منصوبے میں شامل ہوگی۔ یہ واضح نہیں ہے کہ تینوں کمپنیوں کو اس آپریشن کی نگرانی کے لیے فنڈ کہاں سے ملے گا۔


































