
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف وسیع فوجی آپریشن کیلئے غور شروع کردیا۔ امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق درجنوں فضائی ایندھن بردار طیارے اسرائیل بھیجے جا رہے ہیں۔ ایگزیوس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل کو اطلاع دی ہے کہ آئندہ چند روز میں درجنوں مزید فوجی ری فیولنگ طیارے بھیجے جائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق وسیع فوجی کارروائی کے مختلف منصوبوں میں ایران کے بجلی گھروں، جوہری تنصیبات اور زیرِ زمین فوجی مراکز کو نشانہ بنانے کے آپشن شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھا کر آبنائے ہرمز کھلوانا ہے، امریکا ایران کو جوہری مطالبات تسلیم کرنے پر آمادہ کرنا چاہتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن آئندہ دنوں میں جنگ شدت اختیار کر سکتی ہے۔


































