
راولپنڈی: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس نے پوری تحقیقات کے بعد پاکستانی الیکشن سے متعلق قرار داد منظور کی۔ عمران خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انتخابات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات سے متعلق امریکی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ دنیا کی طاقتور اسرائیلی لابی بھی آج تک ایسی قرارداد منظور نہیں کرواسکی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی خود رپورٹس اکھٹی کرکے تحقیقات کرتے ہیں۔ پاکستانی حکومت کانگریس کی قرارداد کے مقابلے میں اپنی قراداد پیش کرنے کے بجائے ملک کو بچانے کا سوچے۔ عمران خان نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کو دھاندلی کو کور کرنے کے لیے لگایا گیا ہے۔ ریٹائرڈ ججز کو ٹریبیونل میں تعینات کر کے مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت کے پاس ہے کیا جو ان سے بات چیت کی جائے۔ حکومت جھوٹ پر چل رہی ہے وزیر داخلہ فراڈ اور سفارشی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میں آج بھی سائفر کے معاملے پر اپنے بیان پر قائم ہوں، میں نے کہا تھا کہ امریکہ نے حکومت گرانے کی دھمکی دی ہے اور انہوں نے ہی ہماری حکومت گرا دی۔


































