
ریاض : امریکہ اور سعودی عرب نے علاقائی استحکام کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دورہ ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں علاقائی اور دوطرفہ مسائل کی مکمل رینج کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں اور حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میٹ ملر نے کہا ہے کہ انٹونی بلنکن امریکی خیلج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں وہ خلیجی شراکت داروں کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون پر بات چیت کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں رہنما غور کریں گے کہ کیسے مشرق وسطیٰ میں سلامتی، استحکام، تناؤ میں کمی، علاقائی انضمام اور اقتصادی مواقع کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ملر نے کہا کہ یمن میں امن کے حصول کے لیے کام کرنا بھی بات چیت کا حصہ ہوگا۔


































