
واشنگٹن : واشنگٹن میں امریکی اور ہندوستانی وزرائے خارجہ کی ملاقات میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا کوئی تذکرہ نہیں ہوا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس یقین کا اظہار کیا تھا کہ انٹونی بلنکن ہندوستانی ہم منصب سے ملاقات میں نجر کے قتل پر بھی بات کریں گے لیکن امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیے میں اس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ہندوستان کی جی ٹوئنٹی صدارت، ہندوستان مشرق وسطیٰ یورپ کوریڈور، دفاعی شعبے، خلا اور صاف توانائی سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔ اعلامیے میں کہیں بھی کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل یا ہندوستان کے ساتھ جاری کشیدگی کا ذکر نہیں کیا گیا۔ انٹونی بلنکن کی جے شنکر سے واشنگٹن میں ملاقات کے متعلق جب وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ امریکی یقیناً یہ معاملہ ہندوستان حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے۔


































