
لندن : برطانیہ اور کینیڈا سمیت کئی اتحادیوں نے یوکرین کو ممنوعہ کلسٹر بم دینے کے امریکی فیصلے کی توثیق سے انکار کردیا ہے۔امریکا نے گذشتہ روز تصدیق کی تھی کہ وہ یوکرین کو ممنوعہ ہتھیار بھیج رہا ہے۔ جواب میں برطانیہ، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور اسپین نے کہا کہ وہ ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کے مخالف ہیں۔کلسٹر بموں پر 100 سے زائد ممالک نے پابندی عائد کر رکھی ہے کیونکہ ان سے شہریوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔برطانوی وزیراعظم رشی سناک نے کہا کہ برطانیہ کلسٹر بموں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ برطانیہ ان 123 ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے کلسٹر بموں کے استعمال پر پابندی کے کنونشن پر دستخط کر رکھے ہیں۔ کنیڈین حکومت نے فیصلے پر اظہار تشویش کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرس ہپکنز نے کہا کہ کلسٹر بم معصوم لوگوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں۔ اپنی مخالفت سے وائٹ ہاؤس کو آگاہ کردیا ہے۔ اسپین کی وزیر دفاع مارگریٹا روبلز نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے ملک کا پختہ عزم ہے کہ ممنوعہ ہتھیار یوکرین کو نہیں بھیجے جا سکتے۔


































