
تہران :ایران کی جانب سے جدید ترین میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کی رونمائی کی گئی۔ جس میں آرمی کے کمانڈر انچیف سمیت دفاعی صنعت کے اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔ سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل عبدالرحیم موسوی، برّی فوج کے کمانڈر انچیف حیدری اور ملک کی دفاعی صنعت کے اعلیٰ عہدیداروں نے آرمی ایوی ایشن ڈے کے موقع پر منعقدہ نمائش کا دورہ کیا۔ نمائش میں جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی بشمول قدر 29 میزائل اور متعدد ڈرونز سسٹم رکھے گئے جن میں کمبیٹ آپریشنز سمولیشن سسٹم، ہیلی کاپٹروں کا ورچوئل رئیلٹی سمیلیٹر، سیلف ڈیفنس سسٹم، یوسف پراجیکٹ، مختلف قسم کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل شامل ہیں۔ اسی طرح اینٹی آرمر میزائل، مختلف خودکش ڈرونز، بلیڈ سوئچ اور تباہ کن محرم ڈرون وغیرہ اس نمائش کی جدید ترین عسکری مصنوعات کا حصہ ہیں۔


































