
لندن: برطانیہ میں فوج نے اہلکاروں اور افسران کے داڑھی رکھنے پر پابندی ختم کردی۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ پالیسی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ اہلکار اور افسران داڑھیاں رکھ سکیں گے تاہم داڑھیاں اور مونچھیں صاف ستھری ہونا چاہئیں۔ انہیں معمول کے مطابق چیک کیا جائے گا۔ فوجی ترجمان کے مطابق یہ تبدیلی اہلکاروں کی ظاہری شکل پر فوج کی پالیسی کے کئی ماہ کے جائزے کے بعد کی گئی ہے۔ پالیسی کی تبدیلی کا فیصلہ کرنے سے پہلے نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے مخصوص مواقع جہاں اہلکاروں کو کلین شیو کرنے کی ضرورت ہوگی وہاں انہیں شیو کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ فوجی حکام کو امید ہے کہ پالیسی میں تبدیلی نئی بھرتیوں کو راغب کرنے میں مدد کرے گی۔


































