
لاہور: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر مظلومین کشمیر و یمن سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، گلگت ، اسکردو، پشاور، ملتان، مظفرآباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر،یمن اور دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت اور ظالمین کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے فلگ شگاف انداز میں کشمیر اور یمن کے مظلومین کی حمایت میں نعرے بازی بھی کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں امت مسلمہ کی بیداری پر زور دیتے ہوئے اسے دور عصر کی اہم ضرورت اور دین اسلام کے حقیقی تشخص کی بقا کے لیے اولین تقاضا قرار دیا۔ مرکزی ریلی کا آغاز امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے ہوا جس میں ایم ڈبلیو ایم کے اراکین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب میں علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ یمن کے بے گناہ شہریوں پر آگ و بارود کی بارش کرنے والے بہت جلد اپنا بھیانک انجام دیکھیں گے۔ظالموں کے لیے خدا کی پکڑ بلاشبہ شدید ہے۔ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اقوام عالم کو اپنا سکوت توڑنا ہو گا۔ کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ خوجہ جامع مسجد کھارادر کےباہر کیا گیا جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مختارامامی، صوبائی ترجمان علامہ مبشر حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یورپ میں انسانی حقوق کی پامالی کے معمولی واقعات پر آسمان سر پر اٹھانے والی انسانی حقوق کی عالم تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کی درندگی کیوں نظر نہیں آتی۔کشمیری نوجوانوں کو خفیہ عقوبت خانوں میں تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔ ریاستی اداروں کے ہاتھوں نوجوان عورتوں کی عزتیں محفوظ نہیں۔ لاہور میں مظاہرے سے خطاب میں علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ اگر امت مسلمہ بیدار نہ ہوئی تو طاغوتی طاقتوں اور ان کے آلہ کاروں کے ذریعے انہیں ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔جو عالمی دہشت گرد تنظیمیں اسلام کے نام پر بےگناہوں کے گلے کاٹنے میں مصروف ہیں وہ یہود و نصارٰی کی ایجادکردہ ہیں۔ ہمیں ایسے افراد کو اپنی صفوں سے دور کرنا ہو گا جو دین کے نام پر قتل یا تکفیر کا پرچار کرے۔ اگر مسلمان حکمت و بصیرت اور دانش سے کام لیں تو دشمنوں کی تمام چالیں ناکام ثابت ہوں گی۔ ملتان میں احتجاجی ریلی سے خطاب میں علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی جانب سے کشمیر اور یمن میں جاری مظالم پر خاموشی مجرمانہ ہے، امریکہ اور اس کے حواری انسانیت کے دشمن ہیں، کشمیر اور یمن میں ہونے والے مظالم پر او آئی سی کی خاموشی ظالم کی حمایت کے مترادف ہے، یمن میں نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم سعودی چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں۔


































