
نیویارک : اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی اور تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے اور بات چیت کو فروغ دینے کا مشورہ دیا ہے۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے نائب ترجمان نے کہا انتونیو گوتریس پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے ہر مثبت اقدام کی حمایت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکریٹری جنرل یو این بھارت اور پاکستان کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا شکار ہیں، وہ دونوں ممالک سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی سے گریز کی پر زور اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی مشکل معاملات بھی معنی خیز اور تعمیری مذاکرات سے پُرامن طور پر حل کیے جا سکتے ہیں۔


































