
جنیوا : اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے لبنان میں اسرائیلی حملوں کی فوری اور غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
کمیشن کے ترجمان ثَمین الخیطَان کے مطابق گذشتہ ہفتے عین الحلوہ کیمپ پر حملہ سیز فائر کے بعد سب سے ہلاکت خیز حملوں میں سے ایک تھا۔ ترجمان کے مطابق حملے میں 13 شہری جاں بحق ہوئے جن میں 11 بچے شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرنیوالے تمام افراد عام شہری تھے، جس سے اسرائیلی فوج کے آپریشن کی قانونی حیثیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔ بیان میں زور دیا گیا کہ واقعے کی فوری اور غیرجانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے لبنانی سرحد کے اندر دیوار تعمیر کرنے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس اقدام سے بے گھر افراد کی واپسی کے بنیادی حق کی پامالی ہو رہی ہے۔


































