
واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ کی ہٹ دھرمی برقرار، عالمی مخالفت کے باوجود غزہ کو ریزورٹ بنانے پر تل گئے۔ مجوزہ ٹرمپ غزہ بیچ ریزورٹ کی ویڈیو بھی جاری کردی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف نے کہا ہےکہ خطے کے رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز اور منصوبہ سازوں کے ساتھ جلد ہی ایک سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔ مجھے لگتا ہے کہ جب لوگ اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز کو دیکھیں گے تو حیران رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا خیال ہے کہ مشرق وسطیٰ کے سب سے زیادہ پرانے تنازعہ کے حل کا وقت آگیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے ممالک نے امریکا سے رابطہ کیا ہے تاکہ جنگ زدہ غزہ کے رہائشیوں کے لئے مستقل حل کا حصہ بن سکیں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے منصوبے کو آگے بڑھاتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ پر غزہ کی ایک اے آئی سے تیار متنازعہ اور اشتعال انگیز ویڈیو پوسٹ کردی ہے۔ جس میں جنگ سے تباہ غزہ کو ٹرمپ غزہ بیچ ریزورٹ میں تبدیل کیا گیا ہے۔


































