
بیروت : حماس کے رہنما سمیع ابو زہری نے غزہ پر قبضے کے ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ سمیع ابو زہری نے ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی کاز کو نظر انداز کرنے اور ان کے قومی حقوق سے انکار کی کھلی کوشش قرار دیا۔ حماس نے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کو بے گھر کرنا ان کی سرزمین پر اسرائیلی جارحیت کا اصل ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے خطے میں افراتفری اور کشیدگی پیدا کرنے کا نسخہ سمجھتے ہیں کیونکہ غزہ کے عوام اس طرح کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے لوگوں کے خلاف قبضے اور جارحیت کو ختم کیا جائے نہ کہ انہیں ان کی سرزمین سے بے دخل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی جڑیں ان کی زمین سے جڑی ہوئی ہیں اور وہ ایسے کسی بھی منصوبے کو قبول نہیں کریں گے جس کا مقصد انہیں ان کے وطن سے بے دخل کرنا ہے۔


































