
نیویارک: ایران نے کہاہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا مجرمانہ اعتراف اسرائیل کی ایران کیخلاف جارحیت میں امریکا کے براہ راست کردار کو ثابت کرتا ہے۔ اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے عامر سعید ایرونی نے سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں صدر ٹرمپ کے بیان کو واضح اور ناقابل تردید شواہد قرار دیا۔
ایرانی نمائندے نے لکھا کہ امریکا اور اسرائیل دونوں اپنی جارحیت اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہری ہلاکتوں، بنیادی ڈھانچے کی وسیع تباہی اور محفوظ جوہری تنصیبات پر حملوں کیلئے مکمل اور مشترکہ ذمہ دار ہیں۔ ایرانی نمائندے نے جارحیت کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ اس جارحیت کے نتیجے میں اعلیٰ فوجی کمانڈروں، جوہری سائنسدانوں اور عام شہریوں کی اموات اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی ہوئی۔
ایرانی خط میں یہ بھی نوٹ کروایا گیا کہ ٹرمپ کے حالیہ اعتراف نے سابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے 13 جون 2025 کے دعوے کو جھوٹا ثابت کیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ ایران پر حملوں میں ملوث نہیں اور امریکی فوجیوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔


































