
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے سازشی منصوبے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے امریکا اور اسرائیل کے مکروہ منصوبے سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ایران پر امریکی حملے کے بعد ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں رہنما غزہ میں دو ہفتوں میں جنگ بندی پر متفق ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے بعد متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت چار عرب ممالک غزہ کا انتظام سنبھالیں گے۔ حماس کو غزہ سے جلا وطن کردیا جائے گا اور تمام یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق جو فلسطینی غزہ چھوڑنا چاہیں گے انہیں مختلف ملکوں میں بسایا جائے گا۔ ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا ہے کہ سعودی عرب اور شام اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کریں گے۔ دیگر عرب اور مسلمان ملک بھی ان کی پیروی کریں گے۔ اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کی شرط پر دو ریاستی حل کی حمایت کرے گا۔ اسرائیلی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم کیا جائے گا۔


































