
بابائے قوم کے 146 ویں یومِ پیدائش پر صدرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعلٰی کے پی کے محمود خان نے اپنے پیغامات میں قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدرمملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پوری قوم محسن پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ قائد اعظم نےبرصغیرکےمسلمانوں کی آزادی، علیحدہ اور خود مختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کیلئے معاشرے کے نظر انداز کئے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ْ آج کے دن ہم اِس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اور مضبوط ملک بنائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنےعظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش منا رہے ہیں، یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔ محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا۔ ایسا ملک جہاں تمام شہری عقیدے کی آزادی، پیشہ اور مساوی مواقعوں کا حق رکھتے ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ قائداعظم کا بڑے چیلنجوں اور مخالفتوں کے باوجود قوم کو متحد کرنے کا عزم ان کی ثابت قدمی سے ہی ممکن ہوا۔ مشکلات اور چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے انہوں نے اللہ تعالیٰ پر پختہ یقین اورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کےاصولوں سے رہنمائی حاصل کی۔ انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور ایک بڑے مقصد کے لیے لگن نے انہیں ہمارا عظیم لیڈر یعنی قائداعظم بنایا۔ ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے۔


































