
کراچی : فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور اسرائیل کی مبینہ جارحیت کے خلاف آج دنیا بھر میں بفرمان امام خمینی رحمۃ اللہ یوم القدس منایا جا رہا ہے۔ یوم القدس کا آغاز 1979میں بانی انقلاب اسلامی آیت اللہ روح اللہ خمینی نے کیا تھا۔ یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دنیا بھر میں سبھی فرزندان اسلام کے علاوہ دیگر ادیان و مذاہب سے تعلق رکھنے والے حریت پسند بھی آج سڑکوں پر نکل کر عالمی سامراج کی پروردہ غاصب صیہونی حکومت کے چنگل سے قبلہ اول بیت المقدس اور ارضِ فسلطین کی آزادی کے لئے صدائے احتجاج بلند کریں گے ۔ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی اور قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہیں جس کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کی مظلوم اقوام منجملہ فلسطینی قوم کی حمایت کو اپنا بنیادی اور اسٹریٹیجک مسئلہ سمجھتا ہے اور فلسطین کے اصل باشندوں کے ہاتھوں اُس سرزمین کی تقدیر کے فیصلے پر زور دیتا ہے۔ محاذ استقامت کے سبھی کمانڈروں منجملہ حزب اللہ لبنان، جہاد اسلامی فسلطین، حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کے سربران نے آج یوم قدس کی ریلیوں کی حساسیت اور اس میں شرکت پر زور دیا ہے۔


































